Saturday, November 9, 2019

نظام تولید

*** Reproductive System ***
*** نظام تولید ***
* نقسط مبر 2"
** Testes **
** خصیتین **
یہ دو بیضوی غدود ہیں. جنسی غدود میں ان کا شمار ہوتا ہے. پیٹ سے نیچے دونوں رانوں کے درمیان ایک تھیلی نما لٹکتی ساخت میں پائے جاتے ہیں اسے "کیسہ صفن" یا سکروٹم Scrotum کہا جاتا ہے.اس کی وجہ یہ ہے کہ خصیوں کو سپرم بنانے کے لیے باقی جسم سے نسبتاً کم درجہ حرارت چاہیے ہوتا ہے.ان کا جسم سے باہر ہونے کی وجہ سے ان کو باقی جسم سے کم درجہ حرارت ملتا ہے. جو کہ سپرم سیلز کے بننے میں مدد کرتا ہے. ہر ایک کی لمبائی تقریباً ڈیڑھ سے دو انچ، چوڑائی اور موٹائی میں لگ بھگ ایک ایک انچ ہوتے ہیں.
ہر خصیہ اندرونی طور پر دو سو سے تین سو تک چھوٹے چھوٹے لوتھڑوں میں منقسم ہوتا ہے.ہر لوتھڑے میں ایک سے تین عدد تک پیچ دار منوی نالیاں Seminiferous Tubule پائی جاتی ہیں. ان نالیوں کی دیواروں میں تولیدی خلیات جن کو "Germ Cells یا Spermatigenic Cell" پائے جاتے ہیں. یہاں سے "سپرم Sperm" کے بننے کا آغاز ہوتا ہے. منوی نالیوں میں کچھ اور خلیات بھی پائے جاتے ہیں جن کو "مدد گار خلیات" یا سرٹولائی خلیات Sertoli Cells کہا جاتا ہے. یہ خلیات "ٹیسٹوسٹیران" نامی ھارمون پیدا کرتے ہیں جو کہ سپرم سیلز کے بننے اور ثانوی مردانہ خصوصیات پیدا کرنے میں نہایت ہی اہم کردار ادا کرتا ہے.
سب سے پہلے ہم سپرم سیلز کے سفر کو مختصر ڈسکس کرتے ہیں. بعد ازاں سپرم سیلز بننے کے مختلف مراحل، اس دوران اثر انداز ہونے والے ھارمون، سپرم سیلز کے پروان چڑھنے کے دوران انسانی مدافعتی نظام کیسے کام کرتا ہے... وغیرہ وغیرہ کو ڈسکس کریں گے.
سپرم سیلز منوی نالیوں Seminiferous Tubules میں پیدا ہوتے ہیں. یہاں یہ مکمل میچور شکل میں نہیں ہوتے. یہاں سے سے ان کا سفر شروع ہوتا ہے. جہاں سے یہ نا پختہ سپرم سیل خصیتین سے منسلک ایک جال نما ساخت "شکبہ منی" Rete Testis میں منتقل ہو جاتے ہیں. یہاں سے یہ سپرم سیل شکبہ منی سے نکلنے والی منوی قنیات Efferent Ductules کے راستے خصیوں سے باہر ایک نالی دار ساخت "برنج" Epididymis میں چلے جاتے ہیں.
یہ برنج Epididymis آگے جا کر "قنات ناقلہ" Vas Deferens میں کھلتا ہے. اس جگہ سے ان سپرم سیل کا سفر خصیتین سے باہر کا شروع ہو جاتا ہے.یہ قنات ناقلہ دراصل برنجی نالی کا ہی تسلسل ہے.
یہ "برنج" جوفِ شکم میں داخل ہوتی ہے اور مثانہ کے اوپر ایک موڑ بنا کر مثانہ کے پیچھے پہنچتی ہے. یہاں پر دو عدد غدود پائے جاتے ہیں جن کو "منوی کیس" Seminal Vesicles کہا جاتا ہے. یہاں سے کچھ رطوبات نکل کر سپرم سیل کے ساتھ شامل ہو جاتی ہیں. اس رطوبت کا مادہ منویہ میں بہت بڑا حصہ ہوتا ہے. یہاں سے اس نالی کا نام "قاذف نالی" Ejaculatory Duct ہوتا ہے. یعنی کہ برنجی نالی Vas Deferens اور منوی کیس Seminal Vesicle کی نالیاں مل کر قاذف نالی Ejaculatory Duct کی تشکیل دیتی ہیں.
(اس سے آگے چل کر اس میں دو مزید غدود کی رطوبات شامل ہوتی ہیں جن میں سے ایک "غدّہ مذی" Prostate Gland" اور دوسرا "مجری بول کے غدود" Bulbo Urethral Gland ہے. ان غدودوں کی رطوبات میں کیلشیم، فرکٹوز اور کچھ انزائم شامل ہوتے ہیں. یہ سب چیزیں سپرم سیل کو زندہ رکھنے کے لئے ضروری ہوتی ہیں. اس منوی مادہ کی پی ایچ PH کو الکلائن بنانے کے لیئے کیلشیم کی ضرورت ہوتی ہے. زنانہ نظام تولید کی پی ایچ PH تیزابی ہوتی ہے. اور اس تیزابی ماحول میں سپرم سیلز زندہ نہیں رہ سکتے. سپرم سیلز کو زنانہ نظام تولید میں زندہ رکھنے واسطے قدرت نے مرد کے مادہ منوی کی پی ایچ اساسی رکھی ہے)
دونوں جانب کے منوی کیسوں میں قنات ناقلہ کے ملنے سے دو قاذف نالیاں بنتی ہیں یہ دونوں قاذف نالیاں مجری بول Urethra میں اس جگہ مل جاتی ہیں جہاں پر مجری بول مثانے سے باہر آتا ہے.
مردوں میں مجری بول، نظام اخراج بول اور نظام تولید دونوں میں فعلیاتی اور تشریحی طور پر مشترک ہے.مثانہ سے آگے آ کر قاذف نالی کے مقام سے پیشاب اور مادہ منویہ ایک ہی راستہ سے سفر کرتے ہوئے جسم سے اخراج پاتے ہیں.
قاذف نالی کی ابتداء مثانے کے زیریں حصے یا قاعدے سے شروع ہوتی ہے. یہ آگے بڑھ کر غدّہ مذی Prostate Gland سے گزرتا ہے. جہاں اس کے ساتھ قاذف نالیاں شامل ہو جاتی ہیں. مجری بول اس کے بعد آلہ تناسل Penis سے گزر کر باہر کھلتا ہے.
اگلی قسط میں سپرم سیل کی پیدائش اور اس کے پروان چڑھنے کے مختلف مراحل کو زیر بحث لائیں گے.
طالب دعا
حکیم عطاءالرحمن

No comments:

Post a Comment