Saturday, November 9, 2019

زنانہ نظام تولید

*** زنانہ نظام تولید ***
*** Female Reproductive System ***
قسط نمبر ایک
مردانہ نطامِ تولید اور اس سے متعلقہ مواد، سوشل میڈیا پر کافی مقدار پایا جاتا ہے. مگر اس کے برعکس زنانہ نظام تولید سے متعلقہ مواد نا ہونے کے برابر ہے. اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس موضوع کو ڈسکس کیا جا رھا ہے. اس موضوع و متعلقہ امراض کو مرحلہ وار زیر بحث لائیں گے. اس کے ساتھ ساتھ سب سے اہم بات حمل اور اس کے مراحل کو بھی مرحلہ وار زیر بحث لایا جائے گا. امید کرتا ہوں کہ قارئین اپنی قیمتی آراء سے ضرور آگاہ فرمائیں گے.
نسوانی اعضاء کو بنیادی طور پر دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے
i.. بیرونی اعضاء
ii. اندرونی اعضاء
1 ** بیرونی اعضاء **
بیرونی اعضاء سے مراد وہ اعضاء ہیں جو ظاہری طور پر دیکھنے سے نظر آتے ہیں.
1.. جبل الزہرہ Mons Pubis
زیریں ناف، پیڑو کے مقام پر فرج سے اوپری طرف. تقریباً تین انچ چوڑی اور تقریباً نصف انچ دبیز بلند ہوتی ہے. یہ بلندی دیوارِ شکم کے زیریں حصہ سے متصل ہوتی ہے. جوان عورتوں میں شحمی لیفی بافت Fatty Fibro Tissue کی یہ بلندی بالوں سے پوشیدہ رہتی ہے اور حوض عظام Pubic Bone کے اعضاء کو ملفوف رکھتی ہے. نیز تناسلی اعضاء کو بیرونی صدمات سے محفوظ رکھتی ہے.
2.. شفران کبیر Labia Majora
زنانہ تناسلی اعضاء کا آغاز ادھر سے ہوتا ہے.اسے اندام نہانی کے بیرونی یا بڑے لب کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے. یہ دہنی بافتوں Adipose Tissue کی دو ابھری ہوئی چنٹیں ہیں جو جلد سے پوشیدہ رہتی ہیں. سامنے والا بالائی حصہ صحت و جوانی میں موٹا اور باہم متصل ہوتا ہے اور بیرونی جانب والی جلد پر بلوغت میں بال اُگ آتے ہیں اور اندرونی جانب غشاء مخاطی کا استر ہوتا ہے. اس کی ساخت میں چربی کے علاوہ خون کی نالیاں اور اعصاب پائے جاتے ہیں
3.. شفران صغیر Labia Minora
اندام نہانی کے چھوٹے لب
بڑے لب سے اندر کی جانب پائے جاتے ہیں. ڈیڑھ انچ طویل. شفران صغیر پر بال نہیں پائے جاتے. تاہم مختلف رطوبات پیدا کرنے والے غدود پائے جاتے ہیں. ان میں بے شمار عروق دمویہ، عصبی ریشے، اور مختلف بافتیں Erectile Tissue پائی جاتی ہیں. جس کے باعث ان میں کافی حس موجود ہوتی ہیں. جواں عمری میں ان کی رنگت گلابی اور نرمی پائ جاتی ہے. اور بڑھاپے میں بد رنگ اور بھورے سے ہو جاتے ہیں اور چکناہٹ و نرمی ختم ہو جاتی ہے.
4.. بطر Clitoris
یہ ایک چھوٹا سا ابھار ہوتا ہے جو خواتین میں خواہش نفسانی کے مرکز کا کام سر انجام دیتا ہے. اس کی حیثیت عورتوں میں بالکل مردوں کے اعضاء تناسل کی سی ہوتی ہے. سائز کم و بیش ڈیڑھ سینٹی میٹر. اس میں قضیب جیسی حرکت پائ جاتی ہے. چھوٹے لبوں کے مقام اتصال پر موجود ہوتا ہے. اس میں عصبی سرے بکثرت پائے جاتے ہیں. اس کی جڑ مختلف قسم کے عضلات پر مشتمل ہوتی ہے. جن کے سکڑنے سے بطر میں شہوت کی کیفیت پیدا ہوتی ہے.
5.. دہلیز Vestibule Of Vagina
یہ تکونی چکنی درز ہےاس کے سامنے کی طرف بطر، جانب میں شفران صغیر، اور پیچھے کی طرف مہبل کے سامنے کی دیوار پائی جاتی ہے. اس میں ثقبہ مہبل اور ثقبہ مجری البول واقع ہوتے ہیں. اس حصہ میں چھوٹے چھوٹے غدود پائے جاتے ہیں. جن سے رطوبت کا اخراج ہوتا ہے. یہ ساخت بہت نازک اور خونی ہوتی ہے اور زچگی میں جراحت کی وجہ سے خون بہنے لگتا ہے.
6.. ثقبہ مہبل Vagina Orifice
اس کو اندام نہانی کا سوراخ بھی کہتے ہیں. یہ سوراخ پیشاب کے سوراخ سے لگھ بھگ آدھ انچ نیچے اور فرج کے دونوں لبوں کے درمیان بیضوی شکل کا ہوتا ہے. غیر شادی شدہ میں تنگ اور گول ہوتا ہے. اور پردہ بکارت سے کسی قدر بند رہتا ہے. اکثر پہلے جماع سے پھٹ جاتا ہے. حیض اور نفاس کے خون کا اخراج اسی سے ہوتا ہے اور بچے کی پیدائش بھی اسی راستے ہوتی ہے اور مجامعت بھی اسی راستے سے ہوتی ہے.
7.. بارتھولین غدود Bartholin Glands
یہ دو گول بیضوی شکل کے مٹر کے دانے برابر غدود ہوتے ہیں. دونوں غدودوں سے ایک ایک عدد نالی نکلتی ہے جو کہ غشاء بکارت کے بیرونی جانب شفران صغیر کے اندر کھلتی ہے. ان میں سے ایک رطوبت نکلتی ہے جو اس نالی کے ذریعے خارج ہو کر فرج میں گرتی ہے اور اس کو چکنا رکھتی ہے. یہ غدود سوائے بیماری کے دکھائی نہیں دیتے. سوزاکی جراثیم کو بہت جلد اپنے اندر سرایت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں.
8.. غشاء بکارت Hymen
یہ جھلی مضبوط نسیج واصل کی بنی ہوتی ہے. دوشیزہ لڑکیوں میں غشاء بکارت جزوی طور پر ثقبہ مہبل کے شروع میں پائی جاتی ہے. بعض عورتوں میں غیر طبعی طور اتنی سخت اور دبیز ہو جاتی ہے کہ بذریعہ جراحی شگاف دئیے بغیر جماع نا ممکن ہوتا ہے. اور بعض لڑکیوں میں اتنی نرم و نازک ہوتی ہے کہ اُچھل کُود کے دوران ہی پھٹ جاتی ہے.
9.. ثقبہ البول Meatus Urinarius
اس کو منفذ بول بھی کہا جاتا ہے. یہ ایک چھوٹا سا باریک شگاف دار یا مثلث نما سوراخ دار خارجی راستہ ہے. جو دہلیز فرج میں صاف نظر آتا ہے. یہ بطر سے تقریباً ایک انچ نیچے ہوتا ہے.
10.. عجان Perineum
یہ مجمع خلفی Post Commisura اور مقعد کے درمیان کی جگہ ہے. لمبائی میں تقریباً ڈھائی سینٹی میٹر اور چوڑائی میں تقریباً دس سینٹی میٹر ہوتی ہے. اس پر بال کم مقدار میں پائے جاتے ہیں.
(جاری ہے)
طالب دعا
حکیم عطاءالرحمن

No comments:

Post a Comment